ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / این ڈی ٹی وی کے چیرمین پرنب رائے کے ٹھکانوں پرچھاپے

این ڈی ٹی وی کے چیرمین پرنب رائے کے ٹھکانوں پرچھاپے

Tue, 06 Jun 2017 12:27:17    S.O. News Service

نئی دہلی،5؍جون (یو این آئی)پرائیویٹ شعبے کے آئی سی آئی سی آئی بینک کو مبینہ طور پر48کروڑ روپے کانقصان پہنچانے کے الزام میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے این ڈی ٹی وی کے شریک بانی اور شریک چیرمین پرنب رائے ، ان کی اہلیہ رادھیکا رائے ، ایک پرائیویٹ کمپنی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرکے آج دہلی اور دہرہ دون میں چھاپہ ماری کی کاروائی کی ۔سی بی آئی نے بتایا کہ مسٹر رائے کے دہلی میں واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔ بیورو نے تمام پرآئی سی آئی سی آئی بینک کو 48کروڑ روپے کا مبینہ نقصان پہنچانے کا معاملہ بھی درج کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بیورو نے دہلی اور دہرہ دون میں 4مقامات پر چھاپہ ماری کی۔ دہرادون میں مسٹر رائے کی رہائش گاہ اور دہلی میں صبح8 بجے کے ارد گرد سی بی آئی نے چھاپہ ماری کی۔ سی بی آئی صبح 8بجے کے قریب مسٹر رائے کے گریٹر کیلاش پارٹ ون ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچی اور بینک کے ساتھ مبینہ فراڈ کے معاملے میں ان سے اور ان کی اہلیہ سے پوچھ گچھ کی۔اس چھاپے ماری کے سلسلے میں این ڈی ٹی وی نے آج جاری بیان میں سی بی آئی پر پریشان کرنے کاالزام لگاتے ہوئے کہا کہ مسٹر رائے کو جھوٹے معاملے میں پھنسایا جا رہا ہے ۔ بیورو پرانے الزامات کے ذریعے این ڈی ٹی وی اور اس کے پرموٹروں کو صرف پریشان کر رہی ہے ۔ اس نے کہا ہم ملک کے لیے لڑیں گے اور ایسی قوتوں کی مخالفت کرتے رہیں گے ۔ یہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے اور اظہار رائے کی آزادی چھیننے کی کوشش ہے اور ہم اس سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔اطلاعات ونشریات کے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے سی بی آئی کی چھاپہ ماری کے تعلق سے کہا کہ حکومت کسی معاملے میں مداخلت نہیں کرتی ہے ۔ بیورو کو کچھ’’ اطلاعات ہاتھ لگی ہوں گی‘‘ اس لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا قانون اپنا کام کر رہا ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر سبرامنیم سوامی نے مسٹر رائے پر سی بی آئی کی چھاپہ ماری کے سلسلے میں کہا’’خواہ کوئی بھی ہو قانون کا خوف ضروری ہے ۔ یہ تمام پر نافذ ہونا چاہیے ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کون ہیں۔‘‘کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر آسکر فرنانڈیز نے کہا’’آپ جانتے ہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے ،آپ (میڈیا) کو فیصلہ لینا ہے کہ کیا کرنا ہے ۔ ’’غور طلب ہے کہ مسٹر سوامی نے گزشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر حوالہ کے الزام لگائے تھے اور بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ کے تحت سی بی آئی کو این ڈی ٹی وی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت جاری کرنے کی گزارش بھی کی تھی۔‘‘


Share: